لاہور،31مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وفاقی وزیر مواصلات اسعدمحمود نے وزیراعلی آفس میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں روڈز کی تعمیرومرمت اوربحالی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال اور عوام کی سہولت کیلئے سڑکوں کی تعمیرومرمت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔ موٹرویز پراشیاء خورونوش کی اوورچارجنگ روکنے کیلئے این ایچ اے سٹاف کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے محدود اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہائی ویز اورموٹر ویز پر مال بردار گاڑیوں کیلئے ایکسل لوڈ کنٹرول کیلئے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں جی ٹی روڈ کے اطراف میں تجاوزات ختم کرنے کیلئے مربوط آپریشن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اورگاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیشن کے اجرا کے عمل کو بہتر اورتیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
نگران وزیراعلی نے کہا کہ بہاولپور کو موٹروے کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے وفاق کے اشتراک سے پراجیکٹ لائیں گے۔لاہور،گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کی تعمیرومرمت کیلئے این ایچ اے کو سفارش کی گئی ہے۔اسی طرح امامیہ کالونی لاہورکے پراجیکٹ کو تیز رفتاری سے مکمل کر کے عوام کی مشکلات کو کم کیا جائے گا جبکہ مظفر گڑھ میانوالی ایم ایم روڈ کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت تعاون کرے گی۔ پنجاب بھر میں سڑکوں کی تعمیرومرمت سے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ اسعد محمود نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
وفاقی سیکرٹری مواصلات،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،متعلقہ سیکرٹریزاورحکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔