مفت آٹا فراہمی  پروگرام سے غریب کو ریلیف ملا ہے؛ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرمحمدذیشان حنیف

77

اوکاڑہ،01اپریل (ےپی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرمحمدذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان نے کہا ہے کہ محروم معیشت لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے مفت آٹا فراہمی کا پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس سے غریب کو ریلیف ملا ہے تمام سرکاری محکمے اس منصوبہ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے جس انداز میں محنت کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ اسٹیدیم، وائٹ پیلس، حجرہ شاہ مقیم، دیپالپور، رینالہ خورد، شیرگڑھ کے مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں  نے کہا کہ  متحرک اورفعال انتظا می مشینری عوامی فلاح وبہبودکے منصوبوں کی افادیت کے دائرہ کار کو بڑھانے اور لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے بنیادی کلید ہے، ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ہر مفت آٹا فراہمی پوائنٹ پر اہل افراد کو احسن اندازمیں عزت اور وقار کے ساتھ آٹا دینا ہے ہمیں روزانہ کی بنیاد پر مفت آٹا فراہمی پوائنٹ پر عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری لانا ہے تاکہ آٹا لینے کے لئے آنے والے لوگوں کو کسی پریشانی،دقت یا مسئلہ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں  نے کہا کہ لوگوں کی رہنمائی کے لئے بینرز اور پینافلیکس لگانےکے ساتھ ساتھ ہرآٹا فراہمی پوائنٹ پر قائم کاوَنٹر ز پر بھی آگاہی فلیکس لگائی جائیں، بار کوڈ والے شناختی کارڈ جوجلد سکین ہو جاتے ہیں ان کے لئے الگ سے کاوَنٹر بنایا جائے تاکہ لوگ جلد اور آسانی سے آٹاحاصل کرسکیں۔ انہوں نے مفت آٹا فراہمی پوائنٹس پر خدمات سر انجام دینے والے افسران اور اہلکاران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کے جذبہ سے سر شار ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مخلوق خدا کی خدمت بہت بڑے اجرو ثواب کا باعث ہے۔

 انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کی تمام فلور ملز کی جانب سے فراہم کئے جانے والے آٹے کی بہترین کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لئے نگرانی کے عمل کا تسلسل جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع کی تینوں تحصیلوں میں 6 لاکھ 43 ہزار آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کئے جا چکے ہیں۔