نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا نئی جیلوں کو جدید ترین سہولتوں ، سکیورٹی آلات سے مزین کرنے کا فیصلہ

13

لاہور،2 اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹاور ٹائپ جدید ترین جیل کا ڈیزائن تیار کرنے اور نئی جیلوں کو جدید ترین سہولتوں اور سکیورٹی آلات سے مزین کرنے کی ہدایت دی گئی۔

محسن نقوی کی ہدایت پر جگر و گردہ  کے امراض میں مبتلا قیدیوں کے علاج کیلئے محکمہ جیل خانہ جات نے پی کے ایل آئی سے معاہدہ بھی کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قیدیوں کیلئے 10 جیلوں میں مزید ٹیوٹا کورسز کروائے جائیں اور قیدیوں کی اہل خانہ سے بات چیت کا دورانیہ 20 منٹ سے بڑھا کر 35 منٹ کر دیا گیا۔ اجلاس میں غیر ملکی قیدیوں کیلئے انٹرنیشنل کال کی سہولت کا طریقہ کار وضع کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دینی تعلیم، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ڈگری مکمل کرنے پر قیدیوں کی سزا میں 2 سے 3 ماہ تخفیف /ریلیف دیا جائے گا اور قریبی عزیز کی وفات پر قیدی کو تدفین میں شرکت کی اجازت یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ قیدیوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کیلئے جیلوں میں آئی ٹی سنٹرز کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ جیلوں میں قالین بافی کیلئے معیاری وول فراہم کی جائے گی، پنجاب کی جیلوں سے 20 ہزار قیدی ٹیوٹا کے ٹیکنیکل کورسز مکمل کر چکے ہیں-رمضان میں قیدیوں کو افطار کیلئے سموسے / پکوڑے دیئے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپیلیں زیر التواء ہونے کی وجہ سے 6320 قیدی جیلوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ قیدیوں کی زیر التوا اپیلوں کے جلد فیصلوں کیلئے عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے  نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قیدیوں کی خوراک اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، آئی جی جیل خانہ جات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔