احمد پور شرقیہ،02 اپریل (اے پی پی ):مسلم لیگ ن کے سابق اراکین پنجاب اسمبلی میاں عبدالروف، حاجی افتخار احمد بھنگو،مسلم لیگ ن لاہور ڈویژن، مسلم لیگ ن شرقپور کے مقامی عہدیداران نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بدتمیزی اور سوشل میڈیا پر کردار کشی پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔
اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر میں اپنے پاس سے عمران خان کے بارے میں کوئی بات نہیں کی بلکہ وہ کہا جو عمران خان کے باپ اکرام اللہ نیازی یا دیگر افراد نے اسکے متعلق کہا تھا۔
سابق ممبران پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اکرام اللہ خان نیازی شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالا میں تعینات رہا ہے اسکی کرپشن کے قصے پہلے ہی فیروز والا کے بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رانا تنویر حسین کا تعلق ایک بڑے سیاسی گھرانے سے ہے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈہ سے ان کی نہیں بلکہ خود عمران خان کی شخصیت داغ دار ہو رہی ہے۔
سابق ممبران پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران نے رانا تنویر حسین کی کردار کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ وہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔











