نوشہرو فیروز ، 03 اپریل (اے پی پی): سیکریٹری محکمہ خوارک راجہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ صوبے میں گندم کی خریداری کا ٹارگٹ ہر صورت میں پورا کرنے کے حوالے سے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،گندم کی نقل و حرکت پر پابندی برقرار رہے گی، دوسرے صوبوں کو گندم اسمگلنگ کرنے والوں کی گندم ضبط کردی جائے گی اور اسکی ادائیگی بھی نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ضلع کے آڑھتیوں اور زمینداروں کے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آڑھتیوں سے کہا کہ گندم کی خریداری کا پہلا حق حکومت کا ہے،ہم نہیں چاہتے کہ ہم گھر گھر اور گوداموں پر چھاپے مارکر گندم برآمد کروائیں، اس لئے آپ لوگ پہلے گندم کی خریداری کا سرکاری ٹارگیٹ مکمل کروائیں ،ضلع سے باہر گندم بھجوانے پر پابندی برقرار رہے گی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم کی ضلع سے باہر نقل و حمل روکنے کے لئے پولیس مقرر کروائی جائے گی اور ضلع کی حدود میں محکمہ خوراک کی چیک پوسٹوں پر پولیس مقرر کی جائے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل دپٹی کمشنر سید عمار حسین شاہ، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر اور ڈی آئی بی انچارج اور محکمہ خوراک اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











