ملتان، 03 اپریل(اے پی پی): ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی بارش اور ژالہ باری نے اپریل کے موسم کو بھی ٹھنڈا کردیا اور درجہ حرارت 18سنٹی گریڈ تک گر گیا ہے، رات کو ژالہ باری کے بعد سوموار کی صبح کو بادل پھر برس پڑے جس سے اپریل کا موسم بھی ٹھنڈا ہوتے ہی درجہ حرارت میں 10سنٹی گریڈ کمی ریکارڈ کی گئی اور 24گھنٹوں میں درجہ حرارت 28سے گر کر 18سنٹی گریڈ نیچے آگیا، گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ نماز فجر کے بعد شروع ہوا تو سڑکیں اور گلیاں پانی پانی ہوگئیں ہیں۔
تیز بارش سے متعدد فیڈرز کام کرنا چھوڑ گئے بجلی غائب ہوگئی، بجلی بحالی میں گھنٹوں لگ گئے۔
صبح کی بارش کے باعث طلبہ کو تعلیمی اداروں اور ملازمین کو دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خاص کرمیٹرک مارننگ سیشن پرچہ کیلئے بروقت پہنچنا کڑا امتحان بن گیا۔ بارش کے دوران موٹر سائیکل اور پیدل نکلنے والوں نے سروں پر چھتریاں اور پلاسٹک شاپر بھی تان لیے۔
دوسری جانب ماہرین زراعت نے آئے روز کی بارش کو ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصل اور آم کے باغات کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے بارش کاسلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔











