لاہور، 3 اپریل(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے لاہور کے مختلف مفت آٹا پوائنٹس سپرنگ مارکی ٹیمپل روڈ، میٹیکس مارکی اسلام پورہ اور رائل گارڈن سمن آباد کا دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔
صوبائی وزیر عامر میر نے دورہ کے دوران مفت آٹے کے حصول کے لیے آئے شہریوں سے درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔انہوں نے آٹا پوائنٹس پر بنے انفارمیشن کاؤنٹرز کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ آنے والے شہریوں کو جلد سے جلد انکی اہلیت بارے بتایا جا سکے ، آٹا پوائنٹس اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹرز کی باہمی کوارڈینیشن بہتر کی جائے۔
عامر میر نے کہا کہ آٹا پوائنٹس پر تعینات عملہ اپنے فرائض خلوص نیت سے سرانجام دے اور فری آٹے کے حصول کے لیے انیوالے مستحقین کے ساتھ تہذیب اور شائستگی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین کو حکومت کی جانب سے انکا حق دیا جا رہا ہے اس لئے ان سے کسی بھی قسم کی بدسلوکی ہرگز قابل قبول نہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ دس روز میں تین کروڑ سے زائد مستحقین کو آٹے کی بوریاں بانٹی جا چکی ہیں اور پورے صوبہ میں حکومت پنجاب کی فری آٹا سکیم کامیابی سے جاری ہے ۔











