ملتان، 06 اپریل(اے پی پی ):ڈویژنل انتظامیہ نے ڈینگی کیخلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر عامر خٹک نے ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نوٹس دیکر عمارت سربمہر، ایف آئ ار درج کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے،تمام محکمے ڈینگی کنٹرول مہم کے بارے متحرک رہیں۔ٹیمیں فیلڈ میں نظر آئیں ، رپورٹنگ میں جعلسازی برداشت نہیں کروں گا۔ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن کو صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن میں ہونا چاہیے۔
انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی کے خلاف سرگرمیوں کو پورٹل پرا پ لوڈ کیا جائے،مقررہ ٹارگٹ سے کم سرگرمیوں پر متعلقہ محکموں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ضلعی انتظامیہ،محکمے ڈینگی کنٹرول مہم کی کامیابی بارے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں۔بس ویگن اڈوں پر صفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں۔پبلک ٹرانسپورٹ، اڈوں پر ڈینگی آگاہی ڈاکومنٹری چلائ جائے،ضلع اور تحصیل سطح پر ڈینگی کنٹرول کے انتظامی اجلاس منعقد کئے جائیں۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی ڈینگی بارے کارکردگی کو کاﺅنٹر چیک کرواؤں گا۔تمام سکولوں میں ڈینگی آگاہی بارے زیرو پیریڈ شروع کئے جائیں۔پی ایچ اے پارکوں جھیلوں،فواروں،گرین بیلٹس کو چیک کرے۔ہاﺅسنگ سوسائیٹز کے ملبے،ٹائروں کی دکانوں کو چیک کیا جائے۔انہوں نے تمام ہسپتالوں،ہوٹلوں،عوامی مقامات کو چیک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈینگی بارے لاپرواہی پر ہسپتالوں،ہوٹلوں کو وارننگ لیٹر جاری کرکے سربمہر کریں۔قبرستان، دفاتر کی صفائی کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے خطبات میں ڈینگی، کورونا بارے شعور اجاگر کیا جائے۔ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی کی افزائش کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ڈینگی ایس او پیز کو فالو کر کے ڈینگی خطرے سے بچا جاسکتا ہے۔
عامر خٹک نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ شہری ڈینگی سے ڈرنے کی بجائے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔خشک اور ماحول رکھ کر ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی ورکز کے مسائل بارے بھی حکومت پنجاب کو آگاہ کیا ہے، جلد سدباب کر لیا جائے گا۔











