بلوچستان اسمبلی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں منعقد کرانے سے متعلق قرارداد اکثریتی رائے سے منظور کرلی

9

کوئٹہ۔10اپریل (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی نے مردم شماری کی تکمیل کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں منعقد کرانے سے متعلق قرارداد اکثریتی رائے سے منظور کرلی۔ بلوچستان صوبائی اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر میر جان محمد جمالی کی صد ارت میں ہوا جس میں صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیائلانگو نے پورے ملک میں بیک وقت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے ان حالا ت میں ایک سے زیادہ بار الیکشن کرانا ملکی معیشت کو مزید کمزور کردے گا اور اگر پنجاب میں پہلے الیکشن ہوجاتے ہیں تو پنجاب کی اسمبلی میں نشستیں زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کا اثر پورے ملک کی سیاست پر ہوگا قرار داد میں مزید کہا گیا کہ آ ئین پاکستان ایک سپریم دستاویز ہے جس کی پاسداری کرنا ہر ادارے کا فرض ہے آئین کے آرٹیکل 184 کے تحت اختیارات کسی ایک جج کے پاس نہیں بلکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس ہوتے ہیں حال ہی میں پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات سے متعلق ایک فیصلہ کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہوا ہے جس میں چار معزز ججز نے سوموٹونوٹس کو برخاست کردیا جبکہ تین معزز ججز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایات جاری کیں یہ ایک مسلمہ اصول ہے کہ فیصلے اکثریت کے سا تھ کئے جاتے ہیں اور اقلیت کے فیصلے اکثریت پر غالب نہیں آسکتے عدلیہ کی تقدس کی بحالی کے لئے ضروری ہے کہ اکثریت کے فیصلے کا احترام کیا جائے، قرارد اد میں کہاگیاکہ پارلیمنٹ ہی آئین میں ترمیم کرسکتی اورتشریح کے زریعے معززجج آئین میں الفاظ کاا ند راج نہیں کرسکتے اورنہ ہی دوبارہ لکھ سکتے ہیں۔18 ویں آئین ترمیم کے تحت آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن پاکستان کو بااختیار بننا اورعام ا نتخابات سے پہلے نگران حکومتیں بنانا تھا نہ اس لیے آزادانہ اورمنصفانہ انتخابا ت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ قومی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک وقت پرہوں۔قرارداد میں کہاگیاکہ چیف جسٹس سپریم کورٹ پنجاب کی اجارہ داری بنانے اوردوسرے صوبوں کو کمزورکرنے کی روش گامزن ہے اوریہ امر جمہوری اقدار کے منفی ہے تاکہ پنجاب کو باقی تمام صوبوں پر فوقیت دی جائے۔قراد داد میں مزید کہا گیا کہ ملک میں مردم شماری جاری ہے اور ابھی تک اس کے نتائج آنا باقی ہیں مردم شماری کے نتائج کے بغیر الیکشن کا انعقاد کسی بھی طرح ملکی مفاد میں نہیں لہذا مندرجہ بالا حقائق کے پیش نظر یہ ایوان پورے ملک میں ایک ہی وقت قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زریعے کرانے کی سفارش کرتا ہے، صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے پیش کی گئی یہ قرار داد بلوچستان اسمبلی میں اکثریتی رائے سے منظور کرلی گئی۔