نوشہرہ ورکاں؛ گندم کی کٹائی کا  آغاز ، دو لاکھ روپے کی فی ایکڑ پیداوار متوقع

46

نوشہرہ ورکاں، 15اپریل( اے پی پی): گندم کی کٹائی کا آغاز ہوتے ہی سنسان دانہ منڈیاں آباد ھو گئیں اور محنت کش طبقہ کے لیے روزی روٹی آسان ھو گئی ،محنت مزدوری کے لیے جہاں مردوں کی کثیر تعداد دکھائی دینے لگی ھے وھاں خواتین بھی بچوں کی کفالت کے لیے برابر محنت مزدوری کرتی دکھائی دیتی ھیں۔

حالیہ سیزن میں گندم کی تیاری کے مراحل میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے گندم کی فصلیں متاثر ھوئیں اور سینکڑوں ایکڑ فصلیں زمین پر چادر کی صورت بچھ گئیں جبکہ رواں ہفتے میں بڑھتی ھوئی گرمی اور لو کے چلنے سے گندم کی فصلیں تیار ھو گئیں۔

 گندم سے بھری ٹرالیاں قطار درقطار دانہ منڈیوں میں پہنچنا شروع ھو گئی ھیں۔ فی ایکڑ پیداوار 45 سے 50 من ہونا زمیندار اور کاشتکار کی خوشحالی کی بنیاد ھے جبکہ  دو لاکھ روپے کی فی ایکڑ پیداوار متوقع ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت  نوشہرہ ورکاں چوھدری محمد یوسف کا کہنا ھے کہ جدید ٹیکنالوجی کے تحت فصلوں کی کاشت اور بر وقت مناسب ادویات کے استعمال سے کاشتکار کو توقعات کے مطابق پیداوار مل رہی ہے جبکہ  تحصیل بھر میں ٹارگٹ سے بڑھ کر نتائج ملنے کی توقع ھے۔