رحیم یار خان،15 اپریل (اے پی پی ): آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید کی نگرانی اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں کچہ میں موثر حکمت عملی اور تیزی سے پیش قدمی جاری ہے ، آپریشن کے ساتویں روز بھی ڈاکووں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے جبکہ اس دوران بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب مقصودالحسن نے مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کچہ کا دورہ کیا۔
کچہ آپریشن میں تیزی، پولیس کی عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف تازہ دم دستوں نے جدید لانگ رینج ویپنز اور بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ بھر پور کارروائی جاری ہے۔
کارروائی کے دوران لاٹھانی گینگ کے کچہ کراچی سے خفیہ ٹھکانے تباہ کیے گئے اور کمین گاہیں مسمار کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں سمگل شدہ بھاری ہتھیاروں کا زخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
کچہ کے خطرناک علاقوں کو جرات، بہادری اور بے جگری سے لڑتے ہوئے واہگزار کروانے پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب مقصودالحسن اور آر پی او رائے بابر سعید نے شاباش دی اور فورس کے ہائی مورال کو سراہا۔
ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے کہا کہ پولیس فورس اس آپریشن کے مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے لانگ ٹرم پالیسی پر گامزن ہے،پولیس آئندہ کلیئر کروائے گئے علاقوں کو کبھی بھی کریمینلز کی آماجگاہ نہیں بننے دے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہیٹ میپ کے تحت پیشہ ورانہ مہارت اور موٹر حکمت عملی کے تحت کامیابیاں حاصل کیں جسے فروٹ فل بنایا جائے گا۔
آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید نے کہا کہ پولیس فورس کے حوصلے بلند اور کارروائیاں جان دار ہیں جس پر تمام ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب مقصودالحسن نے کہا کہ پولیس فورس عوام کی جان و مال کے تحفظ ، عسکریت و شر پسندی کو کچلنے کے لیے کچہ میں کریمینلز کے خلاف تاریخی اور فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے۔











