سکھر،17اپریل(اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جلد وفاقی کابینہ میں تجویز پیش کروں گا کہ ملک میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 30 سے 35 فیصد اضافہ کیا جائے اور مزدور کی تنخواہ کم سے کم 35 ہزار مقرر کی جائے،مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں تنخواہیں بڑھانا ہونگی اورموجودہ حالات میں تو یہ اورضروری ہوگیا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یہاں ڈسٹرکٹ کونسل ہال کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو پرچی سے مستقبل بدلنے کا حق دیا اس دور میں کوڑے، جیلوں اور پھانسیوں نے جس جمہوریت کو جنم دیا آج اس جمہوریت کو خطرہ ہے، اداروں کے ٹکراؤ سے ملک اور عوام کمزور ہورہے ہیں، اس پر سیاسی قوتوں کو سوچنا ہوگا اگر ہم نے پارلیمنٹ کو طاقتور نہ بنایا تو عوام کبھی طاقتور نہیں بن سکیں گے اور ملک کے4 فیصد سرمایہ کار 96 فیصد عوام پر حکومت کرنے لگیں گے۔
وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سیاستدانوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کو طاقتور بنائیں اور ان کا پیٹ بھریں ان کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دورمیں مہنگائی کا بھرپور مقابلہ کیا، ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سکھر سندھ کا تاریخی شہر اور ضلع ہے اور اس کا شمار سندھ کے ان اضلاع میں ہوتا ہے جہاں پر تمام سہولیات موجود ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت نے سکھر میں 5 سے 6 یونیورسٹیاں قائم کی ہیں جبکہ سکھر میں کامسیٹ یونیورسٹی بنارہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر ڈسڑکٹ کونسل سکھر اعجاز احمد پلھ ، ڈپٹی کمشنر سکھر شہزاد طاہر تھہیم ، افسران سید اکبر علی شاہ ، یونین رہنما عبدالمجید جسکانی ، پی پی سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرھیو، سابق ضلع ناظم سردار تقی خان دھاریجو ، سید قاسم علی شاہ ، ڈپٹی مئیر طارق چوہان سمیت دیگر معززین نے شرکت کی ۔











