سکھر: مون سون کی تیاری کیلئے اجلاس منعقد کیا گیا

17

سکھر۔17اپریل(اے پی پی): سکھر اور خیرپور میں مون سون کی تیاری کیلئے اجلاس منعقد کیا گیا ۔سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ضلع خیرپور میں بارشوں کے پانی کی نکاسی، رلیف، بحالی اور دیگر اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے تشکیل کمیٹی کا چھٹا اہم اجلاس پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر آپریشن امداد حسین صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظفر عباس عباسی، ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمت اللہ سولنگی، اسسٹنٹ کمشنر ز، پبلک ہیلتھ، آبپاشی، اسکارپ، ٹیوب ویل ڈویژن،سیپکو،بلڈنگ، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ آنے والے مون سون کے موسم سے قبل تیاری، پمپنگ اسٹیشن کو فعال رکھنے اور افسران کو متواتر نگرانی کرنے جیسے فیصلے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی اپنی ذمہ داریاں توجہ کے ساتھ ادا کرے لاپرواہی کے مرتکب افسران کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔ امداد صدیقی نے لوکل گورنمنٹ کے ڈائریکٹر ظفر اقبال پھلپوٹو کو ہدایت دی کہ وہ پورے ضلع میں تمام ٹاؤن کمیٹیز کے نکاسی آب کی گزرگاہوں، نالیوں، گندیپانی کے نالوں کی ڈی سلٹنگ کے بارے میں مکمل رپورٹ فراہم کریں گے اجلاس میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد سمیت دیگر اقدامات پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔