قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

29

 

اسلام آباد۔17اپریل  (اے پی پی):قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ ایوان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے ایک شفیق ساتھی مفتی عبدالشکور ہفتہ کی شب ٹریفک کے المناک حادثہ میں اﷲ کو پیارے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک عظیم شخصیت تھے جنہوں نے آئین و قانون کی سربلندی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں، وہ جے یو آئی (ف) کے نظریاتی کارکن اور رہنما تھے، میں نے ہمیشہ انہیں سیاسی جدوجہد کے دوران وضع دار دار اور تہذیب یافتہ شخصیت کے طور پر پایا۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ ان کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ سپیکر کے کہنے پر وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔