ای رجسٹریشن کے نظام سے  رجسٹری کے عمل میں شفافیت آئیگی: ثاقب ظفر

26

ملتان 26اپریل (اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں جائیداد کی رجسٹری کے لئے ای رجسٹریشن سسٹم لانچ کرنے کے لئےحکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے ای رجسٹریشن کے نظام سے  رجسٹری کے عمل میں شفافیت آئیگی اور جائیداد کی خرید وفروخت میں بدعنوانی اور دھوکہ دہی  بارے عوامی شکایات کا تدارک ہوگا۔وہ گڈ گورنس اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ ای رجسٹریشن کا نظام ای سٹیمپ،لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ سسٹم اور  نادرا  سے لنک ہوگا۔انہوں نےبتایا کہ ای رجسٹریشن سے ٹیکس چوری پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ یہ نظام  انتہائی محفوظ ہوگا اور جائیداد کی دستاویزات کی گمشدگی کا اہتمال بھی نہیں رہے گا۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایاکہ ای رجسٹریشن سے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو بھی سٹریم لائن کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ہدایت کی تمام اضلاع کے ریونیو سٹاف کی ای رجسٹریشن بارے جلد  ٹریننگ کا آغاز کیا جائے اور ساہیوال ڈویژن میں جاری ای رجسٹریشن پائلٹ پراجیکٹ کے تجربے سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔

اجلاس میں گندم خریداری مہم اور چینی کی کنٹرول ریٹ پر فروخت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ دور دراز کے دیہی  علاقوں میں مراکز صحت پر علاج معالجہ کی سہولیات مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں غیر حاضر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے خلاف سخت کاروائی کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔اجلاس میں سرکاری سکولوں میں دستیاب سہولیات کو مزید بہتر بنانے،جنوبی پنجاب میں ٹارگٹ سے بڑھ کر شجرکاری کرنے اور پارکوں، سکولوں اور کالجز میں شجر کاری مہم کو مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو مربوط بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا۔اجلاس میں سیکرٹری ہاوسنگ واربن ڈویلپمنٹ  قیصر سلیم، سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری  سرفراز مگسی، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن الطاف بلوچ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن رانا سلیم ، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کئر مہرمحمدحیات لک اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر خان نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری ایری گیشن   بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ایڈیشنل سیکرٹری ساوتھ پنجاب محمدفاروق ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر اور سیکشن آفیسر محمد احمد خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔