سیالکوٹ،30اپریل (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو ظلم و ستم کا نشانہ اور انکے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے والے کردار آج ایک ایک کرکے بے نقاب ہو رہے ہیں ، اقتدار سے دوری عمران خان کو کھائے جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ثاقب نثار کے گٹھ جوڑ نے نواز شریف کے خلاف مذموم مہم چلائی اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام سے دو چار کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ثاقب نثار کا بیٹا ایک کروڑ 20 لاکھ کا پی ٹی آئی کا ٹکٹ بیچ رہا ہے جسے سب نے ٹی وی پر دیکھا بھی اور سنا بھی اور یہاں تک کہ ثاقب نثار نے خود یہ بات تسلیم بھی کی ہے کہ آڈیو لیک میں آواز اس کے بیٹے کی ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ثاقب نثار نواز شریف دشمنی میں بہت آگے چلے گئے ہیں، گزشتہ چند ماہ سے حالات نے کروٹ لی ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت بے نقاب ہو چکی ہے ، اقتدار سے دوری عمران خان کو کھائے جا رہی ہےجس سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کو جان بوجھ کر معاشی عدم استحکام کی طرف دھکیلا گیا اور سی پیک جیسا گیم چینجر منصوبہ جسے نواز شریف نے شروع کیا تھا جس کی وجہ سے 2018ء میں ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیا گیا تھا اسے پی ٹی آئی کی حکومت نے بند کر دیا، نواز شریف کے سی پیک منصوبے کو اگر اسی طرح سے چلنے دیا گیا ہوتا تو آج ملکی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا بلکہ ملک ترقی کر رہا ہوتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک سے ثاقب نثار کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کا گھناؤنا چہرہ بھی بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کو ہی دیکھ لیں جہاں پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے لیے کروڑوں روپے عمران خان اینڈ کمپنی کو دئیے گئے اور جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے وہ اپنے پیسے واپس لینے کے لیے دوڑیں لگا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں ہمیشہ سے ہی تضاد رہا ہے کیونکہ وہ کبھی کچھ کہتا ہے تو کبھی کچھ اس کی کسی بات پر بھی یقین نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ آئے روز یو ٹرن لیتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی عمران خان نے خود توڑی لیکن اب انہیں بھی بحال کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، انکو صرف اقتدار کی ہوس ہے جسکے لیے یہ لوگ کچھ بھی کرنے کوتیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں جو عدالتی جنگ جاری ہے اس کے بارے پارلیمان کئی بار اپنا واضح موقف دے چکی ہے اسلیے عدلیہ کو چاہیئے کہ وہ اپنا کام کرے اور ہمیں اپنا کام کرنے دے، عدلیہ کا کام آئین و قانون کے مطابق فیصلے دینا ہوتا ہے نا کہ پنچائیت کا کردار ادا کرنا ، عدلیہ کا کام مذاکرات یا پنچائیت کا ہرگز نہیں، عدلیہ کا جو کام ہے اسے وہی کرنا چاہیئے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا جس نے اسے سرخرو کیا ، نواز شریف کو سیسلین مافیا کہنے والے سن لیں کہ نواز شریف سیسلین مافیا نہیں بلکہ وہ لوگ ہیں جو ایک کروڑ 20 لاکھ لیکر ٹکٹوں کا سودا کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں جنہیں پوری قوم نے دیکھا ہے۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ برے وقت سے ڈرنا چاہیئے کیونکہ میرے رب کی لاٹھی بے آواز ہے اور جب وہ پڑتی ہے تو بڑے بڑوں کو بولتی بند کرا دیتی ہے اس لیے ہمیں اپنے عہدوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جب عدلیہ کی بات ہوتی ہے تو عوام کے اعتماد کی بات ہوتی ہےلہٰذا عدلیہ کو کروڑوں اربوں کھا کر ملک سے باہر بھاگ جانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جون کے اوائل میں بجٹ آرہا ہے جس میں تنخواہ دار طبقے سمیت عوام کوریلیف دیں گے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں اب دیکھنا ہے آئی ایم ایف اپنی کمٹمنٹ پوری کرتا ہے یا نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تب سے لیکر ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں اور پر عزم بھی ہیں بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد اپنے وطن واپس آئیں گے اور ملک و قوم کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔











