سیکرٹری ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کا دورہ

26

ملتان،30 اپریل(اے پی پی): سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور شعبہ ایمرجنسی، نشتر پناہ گاہ، لانڈری اور بلڈ بینک کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔

 اس موقع پر انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین کو درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی۔  میڈیکل سپرنٹینڈنٹ نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان نے سیکرٹری صحت کو نشتر ہسپتال  میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

 پرو وائس چانسلر پروفیسر مہناز خاکوانی اور پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ کی جانب سے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفننگ دی گئی۔

 ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نشتر ہسپتال کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان اور مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔

 ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان اور نرسنگ سپرنٹینڈنٹ نشتر ہسپتال میڈم سلمہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔