خیرپور۔03مئی(اے پی پی): وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابو پوٹو نے کہا ہے کہ یہ جدید اور نت نئے پن کا دور ہے ، آپ تمام طلبہ کو تحقیق اور ترقی کیلئے توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے شاہ لطیف یونیورسٹی میں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو وائس چانسلر نے انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس کے 4 طلباءمیں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کیے جو IGNITE NGIRI کی طرف سے دیئے گئے ہیں جن کی مالیت 79,220 روپے ہے۔چیکس وصول کرنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو نے کہا کہ یہ جدت اور نت نئے پن کا دور ہے۔ آپ کو تعلیمی حصول اور تحقیق و ترقی کے لیے توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ کیونکہ یہ دور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) کا دور ہے۔ ڈاکٹر ابوپوٹو نے اس نیک مقصد میں IGNITE کی طرف سے دی گئی فراخدلانہ مالی امداد کو سراہا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ہم طلباءکو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ وہ بڑے پیمانے پر معاشرے کے لیے مثبت کردار ادا کر سکیں۔











