پی ڈی ایم اے کا یونیورسٹیز سٹوڈنٹس کیلئے سموگ کے نقصانات اور روک تھام بارے خصوصی لیکچرز کا انعقاد

18

لاہور، 5 مئی(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران قریشی کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے افسران نے پنجاب اور جی سی یو یونیورسٹی کا دورہ کیا اور یونیورسٹیز سٹوڈنٹس کو سموگ کے نقصانات اور روک تھام بارے خصوصی لیکچرز دئیے۔ سٹوڈنٹس کو سموگ کا باعث بننے والوں کی شکایات کے لیے تیار کی جانے والی سانس ایپ کے استعمال بارے بھی بریفنگ  دی گئی۔ پی ڈی ایم اے نے سٹوڈنٹس میں سموگ بارے آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی  نے کہا کہ پنجاب بھر کی یونیورسٹیز کے سٹوڈنٹس ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے رضاکارانہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ سموگ کا باعث بننے والوں کی مانیٹرنگ کے لیے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں سنٹرلائزڈ ڈیش بورڈ بھی بنایا گیا ہے۔  عمران قریشی نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ شکایات کے ازالہ کے لیے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی موجود ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے اپیل کی کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کی شکایات درج کروا کر اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انھوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہری سانس ایپ یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کے خلاف شکایات درج کروا سکتے ہیں۔