اوکاڑہ،12مئی (اے پی پی): پاکستان کی اہم تنصیبات پر تھوڑپھوڑ،ایمبولینس کو جلانے اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کے واقعات کے خلاف شہرکی مختلف مساجد میں قرارداد مذمت منظور کی گئیں۔ ضلع کی سب سے بڑی جامع مسجدعثمانیہ المعروف گول چوک کے ڈسٹرکٹ خطیب قاری محمد سعیداحمد عثمانی نے جناح ہاؤس کی تباہی اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کے واقعات کے خلاف اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پرعوام نے پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کا عزم کیا۔











