ملتان،15مئی(اے پی پی):جنوبی پنجاب کے 6 اضلاع میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز آج بروز پیر سے کردیا گیا ہے۔ان اضلاع میں ملتان، رحیم یارخان،ڈیرہ غازیخان، مظفر گڑھ،لیہ اور راجن پور شامل ہیں۔
مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 45لاکھ 32 ہزار 603بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کو کامیاب بنانے کے لئے21 ہزار467 افراد پر مشتمل ہیومن ریسورس حصہ لےرہی ہے۔گھرگھر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے17 ہزار 700 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں16207 موبائل ٹیمیں،380 فکسڈ ٹیمیں اور 613 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔مہم کی نگرانی کےلئے593 یوسی ایم اووز اور 7174 ایریا انچارج مقرر کئےگئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکرٹری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب مہر محمدحیات لک نے سیکرٹریٹ کے 6 افسران کو6 اضلاع میں پولیو مہم مانیٹر کرنے کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔پولیو مہم بارے مانیٹرنگ رپورٹ روزانہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو ارسال کی جائے گی۔











