اسلام آباد،15مئی(اے پی پی):مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ جلائو گھیرائو کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج اور سپیڈی ٹرائل کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی دفاعی اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کی جرات نہ کرے ۔
پیر کو قومی اسمبلی میں ملک کی سیاسی صورتحا ل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن صلاح الدیں نے کہا کہ جمعہ کو وہ صابر قائم خانی کے ہمراہ ایئرپورٹ کے لئے نکلے تو چند مٹھی بھر بلوائیوں نے راستے بند کر رکھے تھے ، 26 نمبر چونگی پر ہماری گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور حملہ کیا گیا ، صابر قائم خانی زخمی ہوئے اور ہماری گاڑی تباہ کر دی گئی ۔ میں ان کے لیڈر کو وارننگ دیتا ہوں کہ اگر اس نے روش نہ بدلی تو کراچی میں اس کا راستہ روکا جائے گا، یہ افغانی لگ رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فتنے نے عدالتوں کے سامنے مختلف بہانے بنائے ،کبھی وہیل چیئر اور کبھی کچھ کرتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں تھا جب کسی کو عدالت سے گرفتار کیا گیا ۔ اس شخص کو مرسڈیز بھیج کر پروٹو کول دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کا کام ملک کے تمام طبقات کو یکساں انصاف فراہم کرنا ہے ۔ اس مجرم نے عالم اسلام کی عظیم ترین فوج کو دھمکی دی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کے مرتکب افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کر کے سپیڈی ٹرائل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتا تھا کہ اس کے خلاف امریکا نے سازش کی جو درست نہیں ہے ،اس کے خلاف پارلیمنٹ نے عدم اعتماد کی تحریک منظور کی ۔ اس کا امریکی دوست زلمے خلیل زاد تو اس کے حق میں بیان دے رہا ہے ۔
جے یو آئی (ف) کے رکن صلاح الدین ایوبی نے کہا اس شخص کے حمایتیوں اور سہولت کاروں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے ۔ اس کو اداروں کی طرف سے ریلیف دے کر شہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں ہے ۔ اس دہشت گردی کی معلوم نہیں کیوں اتنی حمایت کی جارہی ہے ۔ ہمارے اسلاف نے پاکستان اور اسلام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔ اگر یہی جمہوریت ،عدل و انصاف اور قانون ہے تو پھر ہم ناکام رہے ہیں ۔ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائے ۔ عمران خان نے معیشت کا بیڑا غرق کر کے ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے ۔ قومی تنصیبات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں تھی جنھیں جلایا گیا ۔ پی ٹی آئی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے ۔ قومی اسمبلی اعلی ترین قانون ساز ادارہ ہے ،آج یہاں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن قادر خان مندوخیل نے ایم کیو ایم کے راہنمائوں پر حملے کی مذمت کی اور وزیر داخلہ سے کہا کہ یہ کارروائی عمران خان کے ایماء پر ہوئی ہے، اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف 780 کے تحت فوری مقدمہ درج کیا جائے ۔ ایم ایم عالم کے جہاز کو انہوں نے جلایا ۔ دہشت گرد ٹولے نے ہمارے شہدا کو بھی نہیں چھوڑا ۔ کور کمانڈر ہائوس پر حملے سمیت تمام کارروائیوں کی وڈیوز شواہد کے ذریعے تحقیقات کرکے کسی کو نہ چھوڑا جائے تاکہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو ۔
خالد حسین مگسی نے کہا کہ یہاں پر جو کچھ ہوا اس کا رد عمل ویسے نہیں آیا جیسا آنا چاہیئے تھا ۔ انہیں اس بات کا بھی خیال نہیں آیا کہ ملک نے انہیں کیا دیا اور یہ کیا دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 1971 کا واقعہ ہو یا اہم قومی لیڈروں کی شہادت، تمام واقعات کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے اور جتنی زیادتیاں ہوئی ہیں ان کا ازالہ ہونا چاہئے ۔ جس طرح کی سیاست ہو رہی ہے اور جس طرح کے رویئے اختیار کئے جارہے ہیں یہ ہمیں ڈبو دیں گے ۔ پنجاب ہمارا بڑا بھائی ہے وقت آگیا ہے کہ پنجاب سچ بولے۔











