ملتان ،17 مئی (ٓے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کیجانب سے مسلسل تیسرے روز بھی غیر قانونی پٹرول پمپ یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔سول ڈیفنس کی ٹیموں نے گل گشت اور شاہ رکن عالم میں قائم 4 یونٹس قبضے میں لے لئے ہیں۔ آپریشن کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ٹیموں نےسامان تحویل میں لیکر پٹرول یونٹس مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور فائر سیفٹی کے اقدامات نہ کرنے والی 24 کمرشل عمارات کے بھی چالان کئے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس نے 2 روز میں 30 حتمی نوٹس جاری کئے ہیں ۔انہوں نے کہا غیر قانونی پٹرول پمپ یونٹس انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہیں ، غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔
عمر جہانگیر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ بڑے پلازوں اور دفاتر میں آگ سے بچاؤ کے آلات اور خصوصی ٹریننگ کرائی جائے گی۔











