اوکاڑہ،27مئی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،تمام متعلقہ ادارے اپنے دفاترکی صفائی ستھرائی کاایس او پیز کے مطابق خیال رکھیں تاکہ دفاتر کوڈینگی سے محفوظ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کیا۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے صفائی ستھرائی کا بنیادی عمل ہے جس کے لئے عام شہریوں کو بھی ڈینگی کے انسداد کے متعلق آگاہی دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور اقدامات کے ساتھ ساتھ ویکٹر سرویلینس پر مامور ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری رکھیں تاکہ عوام کو اس مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈرک (DERC) اور ٹرک (TERC) اپنے وقت پر ادا کی جائے اور تمام متعلقہ ڈی ڈی ایچ اوز اپنے وقت پر ٹرک کو ادا کریں اور اپنے منٹس تصاویر اور حاضری ٹائم شیئر کریں مزید اس بات کی وضاحت کی گئی کہ تمام ڈی ڈی ایچ او صاحبان اپنے منٹس آف میٹنگ پی آئی ٹی بی ڈیش بورڈ پراپلوڈ کریں گے تب ہی ان کی حاضری شمار کی جائے گی ورنہ وہ غیر حاضر شمار ہوں گے اورکسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
اجلاس میں انٹامالوجسٹ حافظ محمدعبداللہ اور سی ڈی سی آفیسر اصغرعلی نے ڈپٹی کمشنرکوضلعی سطح پرانسداد ڈینگی کے اقدامات اور ٹیموں کی کارکردگی پر مفصل رپورٹ دی اور بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج اور جرمانے بھی کئے جارہے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنا نس اینڈ پلاننگ طاہر امین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسرا ن نے شرکت کی۔











