اسلام آباد،29مئی(اے پی پی):فرنٹیئر سکائوٹ کیڈٹ کالج ورسک پشاور کے 22 رکنی طلبا کے وفد نے پیر کو فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔ ایوان بالا کے اعلیٰ حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں پر انہیں ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔وفد نے سینیٹ میوزیم میں ملک کے ممتاز سیاستدانوں کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
طلبا وفد نے سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ورسک کیڈٹ کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر)عبد الحفیظ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سیکرٹری سینیٹ اور دیگر شعبوں کا شکریہ ادا کیا۔
بعدازاں وفد کو سینیٹ ہال کا دورہ کرایا گیا جہاں پرایوان بالا کے کام کے طریقہ کار، قانون سازی اور فکشنز کے حوالے سے بھی وفدکو بریفنگ دی گئی۔











