لاہور 9 جون ( اے پی پی ): مرکزی صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ بجٹ تجاویز میں حوصلہ افزا ہیں تاہم ان حالات میں بانوے سو ارب کا ٹارگٹ تھوڑا سا زیادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی بات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اچھی تجاویز بھی ہیں جن میں نوجوانوں کے لیے اقدامات آئی سیکٹر کے فروغ کے لیے اور ڈیمز کے جو پیسے رکھے ہیں وہ خوش آئیند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے حکومتی اقدامات بھی لائق تحسین ہیں کیونکہ کنسٹرکشن انڈسٹری سے بیس سے زائد انڈسٹری وابستہ ہیں اور اس کے ساتھ ملکی ایکسپورٹ بھی بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے اب بجلی سستی کرنی پڑے گی تاکہ دنیا کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ریجنل چئیرمین فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ندیم قریشی نے اس موقع پر کہا کہ کنسٹرکشن اور آئی ٹی کے لیے بجٹ تجاویز خوش آئیند ہیں تاہم آئی ٹی پر لگائے گئے سلیب کو دوبارہ دیکھنے کی ضرورت ہے ۔سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں انجم نثار نے اس موقع پر کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی حکومت نے اچھا بجٹ دیا ہے انڈسٹری کے لیے حالات اچھے نہیں ہیں نئے مانیٹری پالیسی سے پتہ چلے گا کہ شرح سود میں کتنا اضافہ ہو گا اگر اضافہ ہوتا ہے تو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر رفعت ملک نے بجٹ تجاویز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں خواتین کا حصہ بہت کم ہے جو آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں کیونکہ خواتین پاکستان میں باون فیصد ہیں اس لیے بجٹ میں خواتین کا حصہ کو مزید بڑھانا چاہیے۔











