قومی والی بال ٹیم کے اعزاز میں تقریب، کیش انعامات سے نوازا گیا

19

اسلام آباد۔13جون  (اے پی پی):پاکستان والی بال فیڈریشن کی جانب سےپانچ ملکی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں  فاتح ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان والی بال فیڈریشن کےچیئرمین چوہدری محمد یعقوب کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر اینگرو گروپ کے سینئر نائب صدر سید ظہور مہدی ، آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے لیفٹیننٹ کرنل نبیل احمد رانا سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ ملک میں والی بال کھیل کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، فیڈریشن کی کوشش ہے کہ قومی ٹیم اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرے اس حوالے سے  قومی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے برازیلین کوچ کی خدمات حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ایشین گیمز سے قبل دو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرے گی ، قومی ٹیم  11ویں اے وی سی چیلنج کپ میں شرکت کرے گی  جو 8سے 15جولائی تک تائیوان میں کھیلا جائے گا۔ چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ ایشین سینئر مینز والی بال چیمپین شپ 17 اگست سے ایران میں منعقد ہوگی ، قومی انڈر۔16ٹیم ازبکستان میں پہلی ایشین چیمپین شپ میں شرکت کرے گی جبکہ ایشین انڈر۔16چیمپین شپ 22جولائی سے ازبکستان میں کھیلی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے رواں سال نومبر میں نیشنل لیگ کے انعقاد کا منصوبہ بنایاہے ، فیڈریشن اگلے سال ایشین چیمپئن  شپ کی میزبانی کیلئے کوشاں ہے ،  ایشین والی بال کنفڈریشن کا وفد اس حوالے سے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت پشاور میں یوتھ والی بال اکیڈمی بن رہی ہے۔ تقریب میں قومی والی بال ٹیم کے کھلاڑیوں میں کیش انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔