اسلام آباد،15 جون (اے پی پی ): پانچ ملکی والی بال لیگ کی فاتح ’پاکستان ٹیم‘ کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات اور بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پانچ ملکی والی بال لیگ گزشتہ سال نومبر کو پاکستان میں منعقد ہوئی تھی۔لیگ میں پانچ ممالک ایران، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور میزبان پاکستان نے شرکت کی۔
پاکستان نے فائنل میچ میں ایران کو شکست دی ،ایران ایشیا میں نمبر ون اور عالمی سطح پر آٹھویں نمبر پر ہے۔
بین الاقوامی ایونٹس کے جاری شیڈول کے مطابق قومی ٹیم تائیوان میں 8 سے 15 جولائی تک ایشن والی بال چیلنج کپ میں شرکت کرے گی،22 سے 29 جولائی تک ازبکستان میں مردوں کی پہلی ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ، قومی ٹیم 17 سے 25 اگست سے ایران میں ایشین سینئر مینز والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ والی بال ٹیم ایشین گیمز و دیگربین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیاریاں کر رہی ہے۔پاکستان والی بال فیڈریشن کا نومبر میں نیشنل لیگ کے انعقاد کا منصوبہ ہے جبکہ امریکی یونیورسٹیوں کی مردوں اور خواتین کی والی بال ٹیمیں اگلے سال پاکستان کا دورہ کرینگی۔
اس حوالے سے چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ اولمپکس 2028 میں پاکستان والی بال ٹیم کو کوالیفائی کروانا ہمارا مشن ہے۔ ہم باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے انڈر 16 ، 18 سے 20 سال تک تمام عمر کے گروپس پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے پاکستان والی بال کا مستقبل بہت روشن ہے۔











