ملتان،16جون (اے پی پی):سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب کے تمام سرکاری کالجوں میں ایک ایک میاواکی جنگل لگایا جائےگا اورجنوبی پنجاب کو ماحولیاتی مضراثرات سے بچانے کے لیے اورکالجز کی آب و ہوامیں بہتری کے لیے سرکاری کالجوں میں پانچ لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے گورنمنٹ گرلز کالج بوسن روڈ ملتان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم 2023 کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بتایا کہ اس حوالے سے اقدامات شروع کردیےگئے ہیں اور کالجز میں زمین کی نشاندہی اور تیاری کا عمل جاری ہے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کالج کے اساتذہ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران سیکرٹری جنوبی پنجاب کو کالج اساتذہ کے مسائل کے بارے میں بتایا گیا۔محمد الطاف بلوچ نے کالج اساتذہ کے مسائل اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے لیے ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عطائ الحق، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن طارق محمود اور ڈی پی آئی جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔











