وہاڑی ، 17 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و مواصلات و تعمیرات بلال افضل نے کپاس کی کاشت کے ہدف کو مکمل کرنے کے بعد کپاس کی فی ایکڑ پیداوار زیادہ لینے کی کاوشوں پر زور دیا ہے اور جدید زرعی معلومات کسانوں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سپارکو کے ذریعے سیٹلائٹ سروے بھی کرایا جائے گا ،انہوں نے غیر معیاری ناقص زرعی ادویات کے خلاف خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و مواصلات و تعمیرات بلال افضل نے کہا کہ عوام کو سروسز کی فراہمی میں بہتری ہمارا منشور ہے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے افسران اپنی سوچ بدلیں کاروباری لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں ۔انہوں نے ضلع میں سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا وہاڑی ملتان روڈ کو نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کی کوشش کا اظہار کیا ۔
صوبائی وزیر بلال افضل نے محکمہ ایکسائز کو ریکوری سو فیصد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کم ریکوری والی طویل تعیناتی کے حامل ایکسائز انسپکٹرز کے خلاف کارروائی ہو گی۔











