یونان مسافر کشتی حادثہ میں ڈوبنے والے 12 پاکستانیوں میں سے چھ نوجوانوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ، گھروں میں صف ماتم

26

 گوجرانوالہ،17جون(اےپی پی): لیبیا سے یونان جانے والی مسافر کشتی کو حادثہ، ڈوبنے والے  12 افراد کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ کشتی حا دثہ میں لاپتہ ہونیوالے چھ نوجوانوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔

گوجرانوالہ کے علاقہ کشمیر کالونی کے تین  نوجوان اور تحصیل وزیر آباد  کے تین نوجوان کشتی میں سوار تھے، جن کا ابھی تک کچھ پتا نہیں چل سکا، کشمیر کالونی کے رہائشی 3 دوست امجد ،محسن اور حبیب بھی لیبیا سے اٹلی جانے کیلئے روانہ ہوئے تھے تینوں نوجوان 8 ماہ قبل سنہرے مستقبل کی نوید لئے لیبیا گئے تھے۔

امجد جو کہ دو بچوں کا باپ ہے نے لیبیا سے اٹلی روانگی سے قبل فون کر کے اپنی والدہ کو بتایا کہ وہ اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ اٹلی روانہ ہو رہا ہے اور والدہ سے خصو صی دعائوں کی درخواست بھی کی جبکہ وزیر آباد الہ آباد کے رہا ئشی دو کزن علی حسنین ،علی زیب اور چیمہ کا لونی کا شہریار بھی لیبیا سے اٹلی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

 کشتی حادثہ کے بعد والدین کا کشمیر کا لو نی اور وزیر آباد کے رہائشی نوجوانوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہے جس کیوجہ سے نوجوانوں کے گھروں میں سوگ کا سماں ہے، اہلخا نہ اپنے پیاروں کے غم سے نڈھال ہیں اور دعا ئیں کر رہے ہیں کہ ان کے پیارے سلامت ہو ں۔

 کشمیر کا لونی کے رہائشی امجد کی والدہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا ئیں ،کشتی حادثے میں  میرے سمیت جن ماؤں کی گود اجڑی چکی ہے ان کے پیارے تو واپس نہیں آسکتے لیکن آئندہ کسی ماں کے ساتھ یہ ظلم نہ ہو اس لئے انسانی اسمگلنگ کا خا تمہ ہونا چائیے۔ نوجوانوں کے اہلخا نہ نے اپنے پیاروں کی تلاش اور ملک واپسی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔