ملتان ؛ کمشنر انجینئر عامر خٹک کی ریونیو افسران کو ریکوری اہداف حاصل کرنے کی ہدایت

14

ملتان،19 جون(اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ریونیو افسران کو ریکوری اہداف حاصل کرنے کی ہدایت  دیتے ہوئے کہا ہے  کہ ملکیتی انتقال،آبیانہ اور واٹر ریٹ،سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لائی جائے۔ ملکیتی انتقال،اسٹامپ ڈیوٹی کے واجبات بھی کلئیر کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ڈویژن کے ریونیو بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کرکے سرکاری اراضی واگزار کروائیں۔ ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن برداشت نہیں،کرپٹ مافیا کو عبرت کا نشان بنادوں گا۔سرکاری ریکارڈ پر قابض پٹواری، قانون گو کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کریں اور اخبار میں ان کی معطلی کے بارے باضابطہ اشتہار دیں تاکہ وہ غلط طریقے سے رجسٹری نا کر سکیں۔

کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جائے۔ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں۔اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگرجوڈیشل کسیز کی مکمل پیروی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیز، اے سیز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں۔عدالتوں میں کیسز کے جلد حل کے ساتھ انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

کمشنر  نے کہا کہ ریونیو معاملات کو بہترین انداز سے چلانا افسران کا اصل کام ہے۔انتظامی معاملات میں الجھ کر ریونیو معاملات کو نظر انداز نہ کریں۔بورڈ آف ریونیو نے سرکاری ریکوری کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا ہے۔زرعی انکم ٹیکس کے نادہندگان کی جائیدادوں کو بلاک کیا جائے۔ریونیو افسران کھلی کچہریوں کے ذریعے موقع پر ریلیف فراہم کررہے ہیں۔ریونیو کچہری کی زیر التوا درخواستوں بارے ہر روز تفصیلی میٹنگ کی جائے۔عام شہری کی فلاح و رہنمائی اصل مقصد ہے۔ نادھندگان کے نام اور پراپرٹی ریکارڈ پر نوٹس جاری کئے جائیں۔ریونیو کورٹس میں زیرالتواء کیسز کی فوری تکمیل کی جائے۔

 ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنرز،  اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، لینڈ ریکارڈ افسران موجود تھے جبکہ اجلاس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے ریونیو کارکردگی پر بریفنگ دی۔