کشتی حادثے کا معاملہ،چار مختلف مقدمات درج،بارہ انسانی اسمگلرز نامزد،1ملزم گرفتار کرلیا ، ایف آئی اے

16

گوجرانوالہ،  19 جون (اے پی پی):لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی کےافسوسناک حادثے  کے حوالے سے ایف آئی اے نے چار مختلف مقدمات درج کر لیے ہیں جن میں تین مقدمات تھانہ گجرات اور ایک مقدمہ گوجرانوالہ میں درج کیا گیا ۔  ایف آئی آر کے مطابق تین مقدمات ایف آئی اے نے زندہ بچنے والوں کے بیانات کو بنیاد بنا کر ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کیے۔ جبکہ ایک مقدمہ حادثے میں زندہ بچنے والے عظمت خان کے بھائی جاوید اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔ایف آئی اے گجرات کے تین مقدمات میں بارہ انسانی اسمگلرز کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے اور گوجرانوالہ کے مقدمہ میں پانچ انسانی اسمگلرز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد انسانی اسمگلرز میں آصف سنیارا ، میاں عرفان ، ساجد وڑائچ، ریاست ، رانا نقاش ، ندیم اسلم اور محمد اسلم اور دیگر کے نام شامل ہیں، ایف آئی اے حکام کے مطابق یونان کشتی حادثہ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ہونے والا شبیر نامی ایجنٹ شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لئے پیسے وصول کرتا تھا، گرفتار ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے، یہ ایجنٹ متاثرہ فیملز سے پیسے وصول کرکے لیبیا مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا اور اٹلی پہنچنے کے فی کس 23 لاکھ روپے وصول کرتا تھا، ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل گجرات نے متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر ایجنٹ کو گرفتار کیا۔