ملتان،20 جون (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے ملتان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کامران لاشاری نے قلعہ کہنہ،دمدمہ اور گھنٹہ گھر بلڈنگ کا تفصیلی دورہ کیا۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے قلعہ کہنہ اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی۔کامران لاشاری نے کہاکہ والڈ سٹی پراجیکٹ ملتان کو اتھارٹی کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھایا جائے گا جبکہ گھنٹہ گھر کو دلکش ملتان پراجیکٹ کے تحت تاریخی حیثیت میں بحال کرینگے۔انہوں نے کہا کہ میوزیم،آرٹ بازار اور گیلری کے منصوبوں کو بھی شروع کیا جارہا ہے جبکہ قلعہ کہنہ کیلئے سٹیزن بورڈ بنایا جائے گا جو والڈ سٹی اتھارٹی کے حوالے سے سب فیصلے کرے گا۔
کامران لاشاری نے کہا کہ قلعہ کہنہ کی حدود میں کوئی بھی تعمیرات نہیں ہونگی جبکہ جو بن چکی ہیں انکو والڈ سٹی کے قانون میں لایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ کا ٹورسٹ پلان بنے گا جبکہ ایکسائز ایریا ہوگا اور ریسرچ سنٹر بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ کے نیچے ٹینکی کو اپ گریڈ کرکے ویو پوائنٹ بنائیں گے اس سلسلے میں ورلڈ بنک بھی تعاون کرے گا۔
قبل ازیں اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ سٹیزن بورڈ کا جلد نوٹیفیکیشن کردیا جائے گا،والڈ سٹی اتھارٹی کو شہر اولیاءمیں بھرپور معاونت فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر اور دمدمہ سمیت تاریخی عمارات کی بحالی پر توجہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ کے گرد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور ایکشن لیا ہے جبکہ قلعہ سٹیڈیم،کرافٹ بازار اور گھنٹہ گھر کو سیاحوں کیلئے دیدہ زیب بنائیں۔











