زندگی میں ہمیشہ وہی کامیابیاں حاصل کرتے ہیں جوصحیح راستے پرقدم رکھتے ہیں؛ گورنر پنجاب

11

فیصل آباد ، 23 جون (اے پی پی):گورنر پنجاب و چانسلرجی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ زندگی میں ہمیشہ وہی کامیابیاں حاصل کرتے ہیں جوصحیح راستے پر قدم رکھتے ہیں،صرف دولت کچھ نہیں انسانیت کی بہتری کیلئے اپنے حصے کاکام اور قدم قدم پر شکر ادا کرنا ہی زندگی سنوارنے کا ذریعہ ہے۔

انجینئر محمد بلیغ الرحمن  گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد کے تیسرے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ 2018 کے بعد بچوں کی تعلیمی اداروں میں تعداد کم ہوئی،نواز شریف کے دور میں بہت بڑی تعداد میں یونیورسٹیاں بنیں،تعلیمی ادارے بنے جبکہ گزشتہ 4 سال میں تعلیم پر توجہ نہ دی گئی،آپ دیکھیں کہ سب سے زیادہ تعلیمی ادارے اور صحت کی سہولیات کس دور میں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بہتر ہوگا تو ہم بہتر ہونگے،ہماری بحث پڑھے لکھے ہونے والوں کی طرح ہونی چاہئے۔

گورنر نے کہا کہ پچھلے دنوں جو واقعات ہوئے اس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی کیونکہ ان میں شہدا کی بے حرمتی کی گئی، دنیا میں لوگوں کا آپس میں اختلاف ہوسکتا ہے مگر کون ایسا شخص ہے جو اپنے شہدا کی بے توقیری کرے،ریڈیو کی عمارت،میڑو،اور ریاستی اداروں کی بے حرمتی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ  ہم نے آپس میں نفرتوں کی بجائے محبتیں بانٹنی اور ایک دوسرے کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ ایک مومن کی پہچان ہے کہ وہ سب سے محبت کرتا ہے لہٰذا ایسے لوگوں سے بچیں جو نفرتیں پھیلائیں بلکہ آپ محبت کا پیغام سب تک پھیلائیں۔

گورنر نے وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ فاروق کو خراج تحسین پیش کیا جویونیورسٹی کی کامیابی کیلئے کام کررہی ہیں جبکہ انتظامی لحاظ اور تعلیمی کارکردگی کی بہتری کیلئے بھی ان کا کام لائق تحسین ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ پہلے سے بھی زیادہ محنت سے کام کریں گی۔

گورنر پنجاب نے اپنی تعلیم کا مرحلہ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہونے اور ڈگریاں و میڈل حاصل کرنیوالی طالبات،ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آبادکی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی شاندار تعلیمی، تدریسی، تحقیقی اور نصابی کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں میں کامیابیوں سمیت جامعہ کی مستقبل کی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشااللہ بہت جلد جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد کو ملک کی مثالی اور بہترین یونیورسٹیز کی صف میں لاکھڑا کیا جا ئے گا۔ انہوں نے ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنیوالی طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کیلئے دعاؤں اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

تقریب میں جس میں پی ایچ ڈی ڈگری سیشن2019 تا 2022، ایم ایس و ایم فل سیشن2019 تا 2021،ایم اے،ایم ایس سی سیشن2019 تا 2021 اور 2020 تا 2022،بی ایس ڈگری پروگرامز سیشن2017 تا 2021 اور2018 تا 2022 کی پی ایچ ڈی کی 8،ایم فل کی 401،ایم اے،ایم ایس سی کی 1351،بی ایس پروگرامز کی5663 سمیت کل 7243 طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ اس موقع پر شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالی81گریجوایٹس کو گولڈ میڈلز،87 کو سلور میڈلز اور67 کو کانسی کے تمغے بھی عطا کئے گئے۔

قبل ازیں گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد کے نئے کیمپس کی تعمیر کی جگہ کا دورہ کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ نیو کیمپس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ کر تعمیراتی کام کا افتتاح کیا۔

انہوں نے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی سائٹ کے دورہ کے موقع پر تعمیراتی ادارہ کے حکام سے تبادلہ خیال بھی کیا۔

مسزرضوانہ تنویر رندھاوا،سابق ایم پی اے ڈاکٹر نجمہ افضل،سابق ایم این اے و وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی،سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل، وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار،وائس چانسلربابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل،پروفیسر ڈاکٹر محمد اسد کامسٹ یونیورسٹی،رجسٹرار،مختلف فیکلٹیزکی ڈینز،تمام شعبہ جات کی سربراہان، یونیورسٹی انتظامیہ کے افراد،سول سوسائٹی کی اہم شخصیات،طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد  بھی تقریب میں موجوتھی۔