اوکاڑہ؛ضلعی انتظامیہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ،ان کے بچوں کی تعلیم کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے،ڈپٹی کمشنر

15

اوکاڑہ،24جون(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی اور مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری ہے کہ آجراوراجیر کے درمیان تعلقات خوشگوار ہوں،ضلعی انتظامیہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ، انہیں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، صنعتی کارکنوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے صنعت کاروں کو نہ صرف متحرک کیا جائے گا بلکہ انتظامیہ اپنے وسائل کو بھی ان کی بہتری کے لئے بروئے کار لائے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ لیبر، بانڈڈ لیبر کے قوانین پر عملدرآمد کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء کی صورت حال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ ضلع میں صنعتی کارکنوں کے سوشل سیکیورٹی کارڈ ترجیحی بنیادوں پر بنانے چاہئیں۔ چائلڈ لیبر، بانڈڈ لیبر کی شکایات پر خلاف ورزی کے مرتکب صنعتی یونٹوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں کوئی بھٹہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر نہیں ہونا چاہئیے اور خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان کے خلاف اقدامات کئے جائیں۔

 اس موقع پر بھٹہ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر سلمان اظہر نے بھٹہ اونرز ایسو سی ایشن کی جانب سے سوشل سیکیورٹی کارڈ بنوائے جانے میں حائل مشکلات اور مسائل بتاتے ہوئے کہاکہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم اور مزدوروں کے علاج معالجہ کے لئے حکومتی پالیسی اور انتظامیہ کی ہدایات پر سو فیصد عملد رآمد کو یقینی بنایاجائےگا۔

اس موقع پراسسٹنٹ ڈائر یکٹرلیبر نصیرعباس نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں بانڈڈ لیبر کی کوئی شکایت نہ ہے چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 2 صنعتی یونٹوں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے  ایک کمیٹی بنانے کے بھی احکامات جاری کئے جو بھٹہ مزدوروں اورصنعتی کارکنوں کے بچوں کی تعلیم ان کو کتابوں اوریونیفارم کی فراہمی کے لئے اقدامات کرے۔