ڈیرہ غازیخان،24 جون(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈیرہ غازی خان میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ‘ فلڈ بندوں’ کا لیول چیک کرنے اور تعمیرومرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔
اس حوالے سے اجلاس ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور اس کے صحیح استعمال حوالے سے کمیٹی بنائی جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز دن میں دو بار کسان سہولت بازاروں، مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے دورہ کریں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سے قبل صفائی آپریشن میں تیزی لائی جائے اور زیرالتوا رجسٹریوں پر جلدازجلد ورکنگ مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کام چور ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کے ساتھ سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ سرکاری محصولات کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز،ریونیو افسران کو مزید محنت کرنا پڑے گی،جن پٹوار سرکلز کی واجبات وصولی کم ہوگی انہیں ہرگز نہیں معاف نہیں کیاجائےگا۔انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران میری ٹیم کا حصہ ہیں لہذا بہتر ریکوری کویقینی بنایا جائے اور اس میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کوہ سلیمان سے رودکوہیوں آنے والے پانی سے سیلاب کا خدشہ رہتا اور اس کے علاوہ نہروں اور دریاؤں کے لیول کو بھی روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان نذیر،اسسٹنٹ کمشنرز زاہد اقبال،طارق شبیر،ایس این اے زبیر خان،چوہدری منظور،محمد شاہد سمیت ریونیو افسران شریک تھے۔











