ملتان؛ ضلعی امن کمیٹی کا عید الاضحیٰ کے موقع پر بھرپور مذہبی یکجہتی اور امن کے فروغ کا اعادہ

18

ملتان،26جون (اے  پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی امن کمیٹی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بھرپور مذہبی یکجہتی  اور امن کے فروغ کا اعادہ کیا ہے اس سلسلے میں تمام مسالک کے علماءکرام،تاجروں اور سول سوسائٹی نمائندگان نے امن کیلئے کرادر ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی پی او منصورالحق نے بھی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید بھی موجود تھیں۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کی اجازت صرف منظور شدہ تنظیموں کو ہوگی جبکہ عید گاہوں،مساجد اور امام بارگاہوں پر سخت سیکورٹی اور انتظامات کئے جائیں گے۔ان  کہنا تھا کہ آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے ویسٹ بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں ڈرم بھی نصب کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ امن و امان بحال رکھنے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہوگی۔

سی پی او منصورالحق رانا نے کہا کہ عید ایام میں غیر قانونی طور پر کھالیں اکھٹی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا،حساس مقامات اور عبادت گاہوں کا فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے تاکہ عید قربان پر مثالی امن و امان کی فضاءقائم رکھی جاسکے۔

اجلاس سے مولانا حفیظ اللہ مہدوی،ظفر صدیقی،مظہر جاوید،مفتی عثمان پسروری مولانا عبد الحق مجاہد،زاہد بلال عطاری،مزین چاون،اصغر عباس نقوی اور صدیق خان قادری نے بھی خطاب کیا۔اجلاس کے آخر میں صدیق خان قادری نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرنے کی قرارداد بھی پیش کی جسے ضلعی امن کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کیا۔