لاہور، 26 جون (اے پی پی ): نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیری پیداوار میں دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے،ڈیری اکنامک پراسیسنگ زون نہ ہونے کے باعث مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوتے،حلال گوشت کی برآمد میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹ ایکسپورٹرز کے وفد سے گفتگو میں کیا۔نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب کا ملک میں لائیوسٹاک کے حوالے سے سب سے زیادہ حصہ ہے، دنیا میں سالانہ 2 ہزار ارب ڈالر کی حلال گوشت کی تجارت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی محسن نقوی زرعی معیشت کے فروغ کے خواہاں ہیں، گوشت کے برآمد کنندگان کی تجویز وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔
سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور نے اس موقع پر کہا کہ میٹ ایکسپورٹرز کیلئے ون ونڈو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، چین سمیت دیگر ممالک کو بیف کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ مل سکتا ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی نعیم احمد اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔











