گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے کیٹل فارمنگ کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے؛ صوبائی وزیر ابراہیم حسن

59

لاہور، 28 جون(اے پی پی): نگران وزیر لائیوسٹاک، ٹرانسپورٹ و معدنیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے کیٹل فارمنگ کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، وزیراعلیٰ محسن نقوی لائیوسٹاک اور فارمرز کی ترقی چاہتے ہیں۔

پنجاب بینک کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بینک چھوٹے کاشتکاروں کو مویشی خریدنے کیلئے قرضے دینے کا جائزہ لے، پہلے سے جاری قرضہ سکیم میں کیٹل فارمنگ پر زیادہ فوکس ہونا چاہیے، کیٹل فارمنگ کے فروغ کیلئے اخوت فاؤنڈیشن کا اشتراک بھی حاصل کریں گے۔

 ملاقات میں کیٹل فارمنگ کیلئے پنجاب بینک کے زیراہتمام خصوصی قرضہ سکیم جاری کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب بینک دودھ محفوظ رکھنے کیلئے چِلر خریدنے کی سکیم بھی شروع کرے۔

سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب مسعود انور بھی ملاقات میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس سے زائد مویشیوں کے ریوڑ کیلئے دودھ محفوظ کرنے کے عمل کو پنجاب بینک سپانسر کر دے تو ہم اونرشپ لینے کو تیار ہیں۔

دریں اثنا نگران وزیر معدنیات پنجاب ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز بابر امان بابر نے محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔

وزیر معدنیات نے صوبائی معدنی ذخائر کو بروئے کار لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معدنی اہداف کے حصول کیلئے پنجاب منرل کمپنی کی کارکردگی بہتر کرنا ہوگی۔

 ابراہیم حسن مراد زور دیا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے معدنی ذخائر کی تلاش یقینی بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق مائنز ڈیپارٹمنٹ کو آئی ٹی سے لیس کریں گے۔

سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز نے بتایا کہ پنجاب میں 32 ہزار ہیکٹرز لیزڈ مائننگ ایریا ہے، صوبے کی معدنی کانوں میں چالیس سے ساٹھ ہزار مزدور کام کرتے ہیں جبکہ سالانہ 48 ملین ٹن معدنیات کی پیداوار ہوتی ہے۔