ڈیرہ غازی خان،28جون ( اے پی پی):کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی ہدایت پر اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، عید آپریشن کےلئے زیادہ مشینری اور افرادی قوت کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی آلائشوں کی بروقت تلفی ایک چیلنج ہے،جسے ٹیم ورک سے مکمل کیا جائیگا اور عید آپریشن کےلئے زیادہ مشینری اور افرادی قوت کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ ان کے آفس اور چاروں اضلاع میں کنٹرول روم فنکشنل کئے گئے ہیں اوردریا پر کشتیوں میں ضرورت سے زیادہ افراد بٹھانے،ون ویلنگ،ہلڑ بازی پر دفعہ 144 نافذ ہے۔انہوں نے کہا کہ نے چاروں اضلاع کے اہم مقامات پر فیلڈ کیمپس قائم کرنے کے علاؤہ گھر گھر پلاسٹک بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ فورٹ منرو کے سیاحتی مقامات،پارکس،چڑیا گھروں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔مکینیکل جھولوں کی ٹیسٹنگ کے علاؤہ انتظامی افسران موقع پر موجود رہیں گے۔شکایات سیل بھی عید کے ایامِ کے دوران فعال رہیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے بڑے قصبات کوٹ چھٹہ،چوٹی زیرین، سخی سرور ،شاہ صدر دین،شادن لنڈ،وہوا،لتڑا اور دیگر 22 یونین کونسلوں میں مشینری اور افرادی قوت لگاکر سینئر افسران کو مانیٹرنگ کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔











