لاہور، 28جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی اور زراعت ایس ایم تنویر سے بدھ کو یہاں چینی قونصل جنرل ذاؤ شیرن نے ملاقات کی، جس دوران صنعت، زراعت،توانائی،تحفظ ماحولیات اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ملاقات کے دوران پنجاب میں سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے اور آئندہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں چین کی مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، توانائی اور تحفظ ماحولیات میں چین کے تکنیکی تعاون سے بہتری لائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشی اہمیت کا حامل چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان اور چین کی دوستی کی اعلی مثال ہے۔ سی پیک کے تحت پنجاب اور چین کے مابین اشتراک بڑھایا جائے گا۔
چینی قونصل جنرل ذاؤ شیرن نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں، چین کی مزید کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔
صنعت و تجارت، زراعت،توانائی،تحفظ ماحولیات کے صوبائی سیکریٹریز اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔











