شیخوپورہ؛چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا دارالامان اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ

29

 

شیخوپورہ،29 جون(اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے عید کے روز شیخوپورہ میں  دارالامان اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔چیف سیکرٹری دارالامان میں مقیم خواتین اور بچوں سے ملٕے ، انہیں عید کی مبارکباد دی اور عید گفٹ بھی تقسیم کیے۔انہوں نے دارالامان میں کچن بیڈ رومز کا بھی معائنہ کیا اور دارالامان میں مقیم خواتین اور ان کے بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 بعد ازاں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں  کارڈیک وارڈ اور ٹراما سنٹر کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کی تیمار داری کی،  عید کی مبارکباد دی اور ہسپتال میں فراہم سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں عملے کی کمی پورا کرنے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اینجیو پلاسٹی اور ایم آر آئی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور کو ہدایت کی وہ فوری طور پر سمری بجھوائیں تاکہ ہسپتال میں مریضوں کے لیے سہولیات میں مزید بہتری لاٸی جاسکے۔

چیف سیکرٹری پنجاب  نے شیخوپورہ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت تلف کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور سینٹری ورکرز کی تعریف کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظہر سرور ، اسسٹنٹ کمشنر لاریب اسلم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر امان اللہ قاضی اور چیف آفیسر ضلع کونسل احسن عنایت سندھو بھی موجود تھے۔