اوکاڑہ،30 جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی زیر نگرانی ضلع میں صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھانے والی ٹیمیں عید کے دوسرے روز بھی متحرک اور فعال ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ ضلع میں قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھانے والی ٹیموں کے ساتھ عوامی تعاون کی بدولت شہروں کو صاف ستھرا رکھنے میں مدد ملی ہے۔
عید الاضحی کے پہلے روز تحصیل اوکاڑہ میں ضلع کونسل کی ٹیموں نے 425 میٹرک ٹن کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھائیں جبکہ میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کی ٹیموں نے عید الاضحی کے پہلے روز 465 میٹرک ٹن کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھائیں۔ ضلع اوکاڑہ میں ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے 355 ملازمین اور 58 گاڑیوں نے اس اپریشن میں حصہ لیا۔
تحصیل رینالہ خورد میں 18 میٹرک ٹن کوڑا کرکٹ اور الائشیں اٹھائی گئیں جبکہ 120 ملازمین اور 21 گاڑیوں نے اس اپریشن میں حصہ لیا ہے۔
تحصیل دیپال پور میں 146 میٹرک ٹن کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھائی گئیں۔ تحصیل دیپال پور میں 80 ملازمین 15 گاڑیوں، میونسپل کمیٹی بصیر پور میں 60 ملازمین اور 11 گاڑیوں، منڈی احمد اباد میں 26 ملازمین اور چھ گاڑیوں،حویلی لکھامیں 55 ملازمین اور 18 گاڑیوں جبکہ حجرہ شاہ مقیم میں 45 ملازمین اور 30 گاڑیوں پر مشتمل ٹیموں نے اس اپریشن میں حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے بلدیاتی اداروں کے چیف افسران اور صفائی ستھرائی پر متعین عملہ و ٹیموں کو عید کے پہلے روز بہترین کام کرنے پر شاباش دی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے دوسرے روز بھی اسی محنت و جذبے سے کام جاری رکھیں،ضلع اوکاڑہ میں صفائی ستھرائی کے عمل کو موثر بنانے کے لیے کنٹرول روم متحرک اور فعال ہیں اور عیدالاضحیٰ کے پہلے دن ضلع اوکاڑہ کے کنٹرول رومز میں انے والی تمام شکایات کو فوری طور پر حل کیا گیا۔
کنٹرول روم کے ذریعے صفائی ستھرائی کے شکایات کو 100 فیصد حل کرنے پر ڈپٹی کمشنرنے اطمینان کا اظہار کیا۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز ضلع اوکاڑہ میں مجموعی طور پر 741 افسران و ملازمین 137 گاڑیوں پر مشتمل ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا اور ایک ہزار 54 میٹر ک ٹن کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھائیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوامی تعاون سے عید الاضحیٰ کے موقع پر ہم اپنے شہروں کو صاف ستھرا رکھنے اور عوامی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔











