مری،30 جون(اے پی پی):عید الاضحیٰ پر ملکہ کوہسار مری کے لئے راولپنڈی پولیس کیجانب سے خصوصی سیکورٹی و ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر، ڈی ایس پی مری، ڈی ایس پی ٹریفک مری گزشتہ شام سے مری میں موجود ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی مری میں سیکورٹی و ٹریفک انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ ایس ایس آپریشنز نے سینئر افسران کے ہمراہ ٹول پلازہ سے مری مال روڈ تک اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا،افسران و جوانوں سے عید ملے اور انہیں ڈیوٹی سے متعلق خصوصی ہدایات دیں۔
عیدالاضحٰی پر 1000 سے زائد افسران و جوانوں کو خصوصی طور پر مری میں تعینات کیا گیا ہے، ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس کے 700 سے زائد افسر و جوان سیکورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے 285 سے زائد افسر و جوان ٹریفک فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو 24 گھنٹے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد افسر و جوان اپنے گھروں سے دور شہریوں کی سہولت و حفاظت کے لئے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، شہریوں کے تحفظ اور سہولت کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کا لائے جا رہے ہیں۔











