مری،02جولائی(اے پی پی): ملکہء کوہسار مری میں عید الاضحیٰ کے تیسرے روزبھی ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سیاحوں کے غیر معمولی رش کے باعث مال، جی پی او چوک، کشمیر پوائنٹ سمیت تمام تفریح مقامات پر رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں جبکہ چیئرلفٹ پنڈی پوائنٹ پر بھی سیاحوں کا بے پناہ رش رہا۔
ملک بھرسے ستائے ہوئے سیاح چیئرلفٹ پر مری کے خوشگوار موسم سے خوب مزے لیتے رہے، مال روڈ کشمیر پوائنٹ بھوربن کوھالہ نیلم جہلم پکنک پوائنٹ گلیات ایوبیہ نتھیاگلی سمندر کٹھہ جھیل اور نیومری میں بھی سیاح عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پرمری کے ٹھنڈے ٹھنڈے موسم سے خوب محظوظ ہوتے رہے اور موج مستیوں اور ہلہ گلہ میں مصروف رہے۔
کلڈنہ جھیکا گلی بھوربن اور نیو مری کے جنگلات میں سیاحوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے اور خوشگوار موسم سے خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔ سیاحوں کی آمد کے ساتھ ساتھ مری کی تمام شاہراہوں پر گاڑیوں کا ریکارڈ رش رہا، جھیکا گلی مال روذاور بھور بن روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی رہی۔
مری میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے، تمام مین چوراہوں وشاہراہوں پر وارڈن ٹریفک پولس کی اضافی نفری بھی تعینات تھی، اس طرح انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرریسکیو1122اور پولیس فورس کے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں، سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔











