لاہور، 2جولائی (اے پی پی): کوارڈینیٹر وزیراعظم پاکستان خواجہ احمد حسان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید فرقان حمید کی بے حرمتی کے واقعے نے پوری امت مسلمہ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، یہ اسلام دشمن اور دردناک واقعہ نہ صرف انتہائی قابل مذمت بلکہ ناقابل معافی جرم ہے، اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والا شیطانی مجرم کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث ہر فرد کو دنیا و آخرت میں عبرت کا نشان بنائے۔انھوں نے کہا کہ کوئی بدبخت اس طرح کی گھناؤنی گھٹیا حرکت کر کے اربوں کی تعداد میں مسلمانوں کے دل سے قرآن پاک سے محبت و احترام کا رشتہ ختم نہیں کرسکتا۔
خواجہ احمد حسان نے کہا کہ اس ملعون شخص کی اس قبیع حرکت سے دنیا عالم میں مذمت کی گئی ہے جبکہ روس کے صدر پیوٹن نے قرآن مجید کو سینہ سے لگا کر مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی اس واقع کی پرزور مذمت کر چکے ہیں۔
خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ایسے واقعات کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو ابھارنا اور اشتعال دلانا ہے، اس طرح کی اسلامی شعار کی بے توقیری، بے حرمتی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔











