اوکاڑہ،02جولائی(اے پی پی):چیئرمین مرکزی انجمن تاجران ضلع اوکاڑہ حاجی عبدالحمید جج نے کہا ہے کہ سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے پوری امت مسلمہ رنجیدہ ہے، حکومت سرکاری سطح پر بھرپور طریقہ سے اس واقعہ کی نہ صرف مذمت کرے بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنا بھرپوراحتجاج ریکارڈ کروائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ حاجی عبدالحمید جج نے کہا کہ آئے روز اس قسم کے واقعات ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت مسلمانوں کو اشتعال دلوانے کیلئے آزمائے جاتے ہیں جو کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ہیں اور انکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ انتہائی کم ہے، اسلامی فوبیا کے خلاف مغربی طرز عمل انتہائی منافقانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے،جس کی وجہ سے پوری دنیا کے امن کو خطرات درپیش ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک مذہب کیخلاف قبیحہ حرکت نہیں بلکہ نسل انسانی کیخلاف گھناؤنی سازش اور بین الامذاہب خلیج حائل کرنے کی ناپاک کوشش ہے،عالم اسلام کے رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف اس منظم سازش میں ملوث ممالک کیخلاف ایک متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیکر ان کا مکمل بائیکاٹ کریں اور ایسا سبق سکھائیں کہ آئندہ کسی کو یہ ناپاک جسارت کی جرات نہ ہوسکے ۔











