لاہور، 3 جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و ماہی پروری بلال افضل نے کہا ہے کہ ہمارا خطہ سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہا ہے،زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے،جنگلات کے تحفظ کے لیے سزائیں مزید سخت کی جائیں، مون سون شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے بھر پور لائحہء عمل مرتب کیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اپنی زیر صدارت اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، محکمہ کے سیکریٹری مدثر وحید اور دیگر افسران نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و ماہی پروری بلال افضل نے کہا کہ صوبہ میں جھینگے کی پیداوار کے وسیع مواقع موجود ہیں،جھینگے اور مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے موثر پالیسی وضع کی جائے،شجرکاری اور ماہی پروری کے فروغ کے لیے نجی سیکٹر سے بھی معاونت لی جائے۔
بلال افضل نے کہا کہ وائلڈ لائف کے بہتر تحفظ کے لیے بھی پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کر سکتا ہے،چڑیا گھروں اور سفاری میں اضافی جانور شہریوں کے زیر کفالت کرانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ،قبضہ مافیا سے محکمانہ اراضی کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جنگلات اور وائلڈ لائف کی افزائش میں کسی سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے،جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے حکومت بھر پور تعاون کرے گی۔











