سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی، ملتان میں مظاہرین کا قرآن مجید تھام کر احتجاج

26

ملتان،03 جولائی(اے پی پی):سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کیخلاف جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام کچہری چوک پر مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے قرآن مجید کے نسخے ہاتھ میں تھامے ہوئے تھے۔

 اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید ہماری ریڈ لائن ہے، قرآن مجید کی ناموس کا تحفظ ہماری جان سے بڑھ کر ہے، افسوس کا مقام ہے کہ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں سویڈن عدلیہ کے حکم پر جس طرح عین نماز عید کے موقع پر قرآن مجید کی توہین کی گئی یہ قابل افسوس و مذمت ہے۔

 ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ پاکستان حکومت سویڈن کے ساتھ تمام تجارتی، سفارتی تعلقات کو فی الفور ختم کرے، سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقتاً فوقتاً جس طرح قرآن مجید کی توہین اسلامی مقدسات کی توہین کی جاتی ہے یہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس کوئی وقعت نہیں رکھتا یہ ایک ایسی گونگی تنظیم ہے جو اتنی ہمت نہیں رکھتی کہ سویڈن کا بائیکاٹ کرے، افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان حکومت کی اس پر تاحال خاموشی سویڈن کے اس ناجائز عمل کو شئے دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ پر مسلط گونگے اور بہرے حکمرانوں سے جان چھڑائے بغیر کچھ ممکن نہیں۔

 اس موقع پر مظاہرین نے سویڈن حکومت کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی اور سویڈن کا پرچم نذرآتش کیا۔